جمعه 15/نوامبر/2024

رہائی کا جشن کیوں منایا، فلسطینی رہائی کے بعد دوبارہ طلب!

پیر 16-اپریل-2018

اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس کے ایک فلسطینی نوجوان کو رہائی کے اگلے روز دوبارہ پیش طلب کرکے حراست میں لے لیا۔ صہیونی پولیس کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہری کو کہا گیا تھا کہ وہ رہائی کے بعد اپنے گھر میں رہائی کی خوشی میں جشن نہیں منائے گا مگر اس نے اپنے گھر میں جشن منا کر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القدس کے رہائشی محمد موسیٰ درباس جمعہ کے روز رہا کیا گیا تھا، رہائی کے بعد اس کے اہل خانہ نے گھر پر ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں اس کے دوست اور عزیزو اقارب نے شرکت کی۔اس موقع پر جمع ہونے والے شہریوں نے درباس کو رہائی کی مبارک باد پیش کی۔ محمد موسیٰ درباس اسرائیلی جیل میں 16 ماہ قید رہے جس کے بعد انہیں رہا کیا گیا تھا۔

گھر میں رہائی کی خوشی منانے کے الزام میں  اسرائیلی پولیس نے محمد درباس کو دوبارہ حراستی مرکز میں طلب کرکے گرفتار کرلیا۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ موسیٰ درباس مقامی فلسطینی نوجوانوں میں ایک پسندیدہ شخصیت ہیں اور انہیں فلسطینی ہیرو کا درجہ دیتے ہیں۔ وہ ماضی میں اسرائیلی جیلوں میں قید رہ چکے ہیں اور متعدد بار اسرائیلی جیلوں میں بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال بھی کی۔

مختصر لنک:

کاپی