قابض صہیونی فوج نے گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں جیبیا کے مقام پر ایک فلسطینی شہری کا مکان مسمار کر دیا جس کے نتیجے میں مکان میں رہنے والے افراد سڑکوں پر رات گذارنے پر مجبور ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی فوج نے شمالی رام اللہ میں جیبیا قصبے میں ایک مکان کا گھیراؤ کیا۔ گھر میں موجود تمام افراد کو باہر نکالا اور اس کے بعد بلڈوزر کی مدد سے مکان کو مسمار کر دیا گیا۔ مکینوں کو ضروری سامان تک نکالنے کا موقع نہیں دیا گیا۔
قابض فوج کی طرف سے دعویٰ کیا گیا کہ مکان کا کچھ حصہ حال ہی میں تعمیر کیا گیا اور اس کی تعمیر کی صہیونیوں سے اجازت نہیں لی گئی۔
مقامی سماجی کارکن صابر شلش نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے منگل کے روز غازی حجازی نامی شہری کے 200 مربع میٹر پر بنے مکان کو بلڈوزر کی مدد سے مسمار کر دیا۔ قابض حکام نے ایک نوٹس دکھایا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مکان اسرائیلی اجازت کے بغیر بنایا گیا ہے۔