قابض صہیونی فوج کےمظالم کےخلاف چار فلسطینی قیدیوں نے کئی روز سےبہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔
کلب برائے اسیران تنظیم کے مطابق 28 سالہ اسیر مصعب الھندی نے 11 مارچ کو بلا جواز انتظامی قید اور دوران حراست تنہائی میں ڈالے جانے کے خلاف احتجاجا بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ الھندی کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر نابلس کے تل قصبے سے ہے اور وہ15 مارچ 2017ء سے پابند سلاسل ہے۔
اسی طرح 44 سالہ اسیر سامی الجنازرہ 13 دسمبر 2017ء سے قید ہیں اور انہوں نے 25 مارچ کو بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔
اسیر 37 سالہ ایمن اطبیش الخلیل شہر کے نواحی علاقے دورا سے ہیں اور وہ اگست 2016ء سے انتظامی قید کے تحت پابند سلاسل ہیں۔ انہوں نے چار اپریل کو اسرائیل جیل میں اپنی انتظامی حراست میں توسیع اور قید تنہائی کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ اسیر اطبیش اس سے قبل 13 سال تک صہیونی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔ بھوک ہڑتال کرنے والے چوتھے اسیر 21 سالہ امیر سرکجی کا تعلق نابلس سے ہے اور وہ 11 روز سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔