اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] نے باور کرایا ہے کہ ارض فلسطین پر فلسطینی قوم کا دعویٰ مبنی برحق ، اٹل ، دوٹوک اور واضح ہے جس میں کوئی تبدیلی ممکن نہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ پوری سرزمین فلسطین فلسطینی قوم کی ملکیت ہے۔ فلسطینیوں کا ارض وطن پر حق کا دعویٰ مسلمہ اور اٹل ہے۔ کسی فریق یا ملک کی طرف سے اس کے برعکس موقف اختیار کرنے سے فلسطینیوں کے اس حق کی نفی نہیں کی جاسکتی۔ ان کا اشارہ امریکا اور اسرائیل کی طرف تھا جو بعض دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی صریح نفی کررہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قوم آزادی کے حصول اور چھینے گئے پورے ملک کو صہیونی غاصبوں سے واپس لینے کے لیے جد وجہد کررہی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں سابق قطری وزیرخارجہ حمد بن جاسم نے عویٰ کیا تھا کہ فلسسطین پر اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کو زندہ رہنے کا حق ہے جب کہ ایسا ہی دعویٰ چند روز پیشتر سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کیا تھا جس میں ان کاکہنا تھا کہ یہودیوں کو فلسطین میں اپنی ریاست قائم کرنے کا حق ہے۔
سعودی عرب کے ولی عہد اور سابق قطری وزیر خارجہ کے بیانات کے رد عمل میں حماس کےترجمان نے کہا کہ پورا فلسطین فلسطینی قوم کی ملکیت ہے جس کے کسی جزو پر کسی دوسری قوم کا کوئی حق نہیں ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ یہودیوں کو فلسطین میں اپنا قومی وطن قائم کرنے اور اس میں رہنے کا حق ہے۔