اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے غزہ کی پٹی کے علاقے میں رہنے والے نادار اور غریب شہریوں میں ایک ملین ڈالر کی نقد امداد تقسیم کی ہے۔ حماس کی جانب سے حالیہ عرصے کے دوران نقد امداد کی تقسیم کی یہ تیسری قسط ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے شعبہ عوامی بہبود کے چیئرمین محمد ھاشم الفرا نے بتایا کہ ان کی جماعت نے غزہ میں کرائے پر رہنے والے بے گھر، نادار اور غریب شہریوں میں ایک ملین ڈالر کی نقد امداد تقسیم کی۔
الفرا کا کہنا ہے کہ غزہ میں ضرورت مند شہریوں کے لیے امداد کی فراہمی میں زکواۃ کمیٹیوں اور خیراتی اداروں کی طرف سے تعاون کیا گیا تھا۔
ان کاکہنا تھا کہ غزہ میں ایسے خاندانوں میں امداد تقسیم کی گئی جن کے کم سے کم چار بچے ہیں اور ان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں ہے۔
اس کے علاوہ حماس کی طرف سے چند ہفتے قبل غزہ میں جامعات کے 1000 طلباء میں ایک ملین ڈالر تقسیم کیے تھے جب کہ وزارت سماجی بہود کے تعاون سے غزہ کے اسپتالوں میں صفائی کے عملے میں بھی نقد امداد تقسیم کی گئی ہے۔