امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے’یوم الارض‘ پر فلسطین میں ہونے والے احتجاج پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ محصور فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال صہیونی ریاست کی منظم ریاستی دہشت گردی کا کھلا ثبوت ہے۔
سرگودھا میں ایک تقریب سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ اسرائیلی مظالم پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اسرائیلی مظالم کی روک تھام کے لیے اسلامی تعاون تنظیم کی سربراہ کانفرنس منعقد کرکے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
انہوں نے مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں 30 مارچ کو یوم الارض ریلیوں پراسرائیلی فوج نے سیدھی فائرنگ کرکے 16 نہتے فلسطینیوں کو شہید اور 1400 کو زخمی کردیا تھا۔