فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے غزہ کی پٹی کے عوام کے خلاف حالیہ انتقامی اقدامات کے خلاف عوام احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔
غزہ کی پٹی میں فلسطینی صدر محمود عباس کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
غزہ میں مذہبی اور سیاسی جماعتوں اور عوامی حلقوں کی طرف سے ’عباس کی پابندیاں اور اسرائیلی ناکہ بندی ۔۔۔ ایک سازش کے دو چہرے‘ کےعنوان سے نکالی گئی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اورکتبے اٹھا رکھے تھےجن پر صدرمحمود عباس کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔
اس موقع پر تحریک احرار کے سیکرٹری جنرل خالد ابو ھلال نے صدر عباس سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کے عوام کے خلاف انتقامی سیاست ترک کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ محمود عباس کا غزہ کی پٹی کے حوالے سے موقف شکست خوردگی کا واضح ثبوت ہے۔
ریلی سے خطاب میں دیگر فلسطینی رہ نماؤں نے بھی صدر محمود عباس کی انتقامی پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے نا مناسب اور انتقامی رویہ ترک کرنے پر زور دیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے غزہ کی پٹی کے دو ملین عوام کے خلاف نئی انتقامی کارروائیوں کا اعلان کیا تھا جس پر فلسطینی عوامی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔