تمام ترمشکلات اور پابندیوں کے علی الرغم غزہ کی پٹی کی سب سے بڑی درس گاہ جامعہ الاسلامیہ [اسلامک یونیورسٹی] نے بہتر تعلیمی کار کردگی کا مظاہرہ کرنے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کا سفر جاری رکھا ہوا ہے۔ ’Uni Rank‘ کے زیراہتمام سال 2018ء کی عرب دنیا کی 200 جامعات میں تعلیمی معیار کاجائزہ لیا گیا۔ اس فہرست میں غزہ میں قائم اسلامی یونیورسٹی فلسطین بھر کی جامعات میں پہلے اور عرب ممالک کی جامعات میں 29 ویں نمبر پر ہے۔
یونیورسٹی کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جامعہ کو یہ اعزاز اس کی علمی، تخلیقی اور تحقیقی میدان میں شہرت کی بناء پر حاصل ہوا ہے۔
جامعہ اسلامیہ کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر ناصر نصرالدین صادق المزینی نے جامعہ کے چیئرمین ناصر فرحات کو درس گاہ کی اس غیر معمولی کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف فلسطین بلکہ یہ عرب دنیا کے لیے بھی ایک قیمتی اعزاز ہے۔