اسرئیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران فوج اور سیکیورٹی اداروں نے فلسطینیوں کی طرف سے 1300 فدائی حملوں کو ناکام بنایا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سال 2017ء کےبعد سے اب تک 1300 فدائی حملے ناکام بنائے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ اعدادو شمار ’وللا‘ ویب سائیٹ پر شائع کی گئی ہیں۔ اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ برس فلسطینیوں کی جانب سے فدائی کارروائیوں میں کمی دیکھی گئی۔ 2017ء کی نسبت 2016ء میں فلسطینیوں کی جانب سے 2200 فدائی کارروائیوں کو ناکام بنایا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری اور فروری 2018ء کے دوران فوج نے 200 فدائی حملے ناکام بنائے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے انفرادی نوعیت کے حملوں کا سلسلہ جاریی ہے۔ فلسطینی نوجوان چاقو کے ساتھ حملوں کےعلاوہ گاڑیوں تلے کچل کر ہلاک کرنے کی کارروائیاں بھی کررہے ہیں۔ گذشتہ جمعہ کو غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں برطعہ کےمقام پر ایک فلسطینی ڈرائیور نے اپنی گاڑی کی ٹکر سے دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور دو زخمی کردیے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ برس چھ دسمبر کوامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں اور پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔