اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے لبنانی وزیر خارجہ کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ لبنان سے باہر جانے والے فلسطینی پناہ گزینوں کا نام ’اونروا‘ کی رجسٹریشن سے نکال دیا جائے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس شعبہ تعلقات عامہ کےسربراہ رات مرہ نے لبنان میں ایک بیان میں لبنانی وزیرخارجہ جبران باسل کا بیان مسترد کردیا۔ ان کاکہنا تھا کہ باسل نے اپنے بیان میں فلسطینی پناہ گزینوں کی آزادانہ نقل وحرکت پرپابندی کا عندیہ دیا ہے۔
رافت مرہ کا کہنا تھا کہ جبران باسل کا بیان اقوام متحدہ کے کے معاہدوں، عالمی قوانین اور بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عالمی قوانین اور بین الاقوامی حقوق کے تحت فلسطینی پناہ گزینوں کو ایک سے دوسرے ملک میں جانے کی بھرپور اجازت ہے۔
رافت مرہ کا کہنا تھا کہ لبنانی وزیرخارجہ کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے۔ لبنانی وزیرخارجہ اونروا کی ذمہ دار نہیں۔ لبنانی حکومت کو فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ لبنانی وزیرخارجہ جبران باسل نے اٹلی کے دورے کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ اگر کوئی فلسطینی پناہ گزین لبنان سے باہر جاتا ہے تو اس کا نام ’اونروا‘ کی فہرست سے خارج کردیا جائے گا۔