امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں پیدل سڑک عبور کرنے کے لیے نصب کیا گیا زیر تعمیر پل گر گیا ہے اور اس واقعے میں کم سے کم چار افراد ہلاک ہوئے ہیں اور دس سے زیادہ زخمی ہیں۔
یہ پل میامی میں فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی میں نصب کیا گیا تھا جس کا مقصد یونیورسٹی کو ہاسٹل سے ملانا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں پل کے ڈھانچے کو سڑک پر پڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
میامی میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے کے انچارج نے کم سے کم چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
فلوریڈا ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے دبنے والی آٹھ گاڑیوں میں موجود افراد کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
امدادی کارکن ملبے کے نیچے دبے افراد کو نکالنے کو کوشش کر رہے ہیں۔
امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اب تک کم سے کم دس خمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ دو افراد کو ملبے کے نیچے سے نکالا گیا ہے اور اُن کی حالت ’تشویشناک‘ ہے۔
امریکی سینیٹر بل نیلسن نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اس واقعے میں چھ سے دس افراد ہلاک ہوئے ہیں لیکن مقامی انتظامیہ نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
861 ٹن وزرنی پل کو گذشتہ ہفتے ہی نصب کیا گیا تھا۔
طالب علموں کی درخواست کے بعد پیدل سڑک عبور کرنے والوں کے لیے نصب کیے گئے اس پل کے ذریعے یونیورسٹی اور ہوسٹل کو ایک دوسرے سے منسلک کیا گیا ہے۔
کیبل سے منسلک کیے گئے 174 فٹ طویل پل کا افتتاح 2019 میں ہونا تھا۔ اس کی تعمیر پر ایک کڑوڑ 42 لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے۔