فلسطین کے لیے قطر کے مندوب محمد العمادی نے کہا ہے کہ دوحہ کی جانب سے محصورین غزہ کی مالی امداد کا مقصد انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قطری سفیر نے غزہ کی پٹی کے عوام کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے 9ملین ڈالر کی امداد کے فریم ورک پر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ دوحہ کی طرف سے جاری کردہ امداد میں 23 لاکھ ڈالر غذائی سامان اور کپڑے جب کہ پانچ لاکھ ڈالر غزہ کے اسپتالوں کے ایندھن اور دو ملین ڈالر ادویات کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔
غزہ کی پٹی میں غریب اور گھروں سے محروم شہریوں کی مالی امداد کے لیے ایک ملین ڈالر کی رقم ادا کرنے کا اعلان کیا۔ قطری مندوب کا کہنا تھا کہ دوحہ غزہ کی پٹی میں طلباء کی اسکول اور فیسوں کی مد میں ایک ملین ڈالر اور مریضوں کی بہبود کے لیے دو ملین ڈالرخرچ کرے گا۔
العمادی نے کہا کہ قطر کی طرف سے غزہ کے متاثرین کی مالی امداد کا مقصد جنگ سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے دو ملین افراد کے مسائل اور مشکلات کو پوری دنیا کھلی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے مگر اس کے باوجود عالمی برادری حرکت میں نہیں آئی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ غزہ کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے عالمی برادری موثر اقدامات کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قطری حکومت فلسطینی اتھارٹی اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔