یہودی شرپسندوں کے ایک مسلح گروپ نے ایک نہتے فلسطینی بس ڈرائیور پر وحشیانہ تشدد کر کے اسے شدید زخمی کردیا۔ مجروح فلسطینی کے اہل خانہ کا کہنا ہے یہودیوں کی طرف سے بس ڈرائیور صلاح ابو جمل پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہودیوں کے ایک گروپ نے اتوار کے روز الخلیل شہر میں فلسطینی ٹرانسپورٹ کمپنی ’ایغد‘ کی ایک مسافر بس کو روکا اور ’کریات اربع‘ کالونی کے قریب فلسطینی بس ڈرائیور کو تشدد کر شدید زخمی کردیا۔
صلاح ابو جمل کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں نے بس روک کر اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اس نے اسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہودیوں نے اس پر قاتلانہ حملہ کیا۔
خیال رہے کہ غرب اردن میں یہودی شرپسندوں کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں روز کا معمول ہیں۔ فلسطینیوں کی املاک محفوظ ہیں اور نہ ہی ان کی جانیں محفوظ رہی ہیں۔
یہودی آباد کارآئے روز فلسطینیوں کی ہرے بھرے کھیتوں پر یلغار کرکے انہیں تباہ کرتے ہیں۔ فلسطینیوں کے مویشی ان سے چھین لیے جاتے ہیں اور فلسطینی دکانوں پر دھاوے بول کر لوٹ مار کی جاتی ہے۔ یہ سب کچھ صہیونی فوج کی موجودگی اور اس کی سرپرستی میں ہوتا ہے۔