امریکی ایوان نمائندگان میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے خلاف پابندیاں عاید کرنے کے لیے ایک نیا بل منظور کیا ہے۔ اس بل میں حماس پر جنگ کے دوران شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حال ہی میں امریکی حکومت نے حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے انہیں دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
جمعرات کے روز امریکی ایوان نمائندگان میں پیش کردہ بل میں الزام عاید کیا گیا ہے کہ حماس شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پراستعمال کرتی رہی ہے۔ بل میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا دہشت گردی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ حماس شہریوں کو جنگ کے دوران انسانی ڈھال بنا کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے۔
بل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ میں اپنے ہائی کمیشن کو حماس پر مزید عالمی پابندیاں عاید کرانے کے لیے احکامات صادر کریں۔
امریکی ایوان نمائندگان سے منظوری کے بعد یہ بل سینٹ میں پیش کیا جائے گا اور آخر میں صدر کی منظوری کے بعد اسے عملی شکل دی جائے گی۔