اسرائیل جیل میں اسرائیلی حکام ی بدعہدی کے بعد دوبارہ بھوک ہڑتال کرنے والے بزرگ فلسطینی 61 سالہ رزق الرجوب کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری جانب صہیونی حکام نے الرجوب کو ریمون جیل میں قید تنہائی میں ڈال دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق الرجوب کی بھوک ہڑتال آج نویں دن میں جاری ہے اور انہیں کسی قسم کی طبی سہولت مہیا نہیں کی گئی ہے۔
رزق الرجوب کے بیٹے احمد نے بتایا کہ صہیونی حکام نے ان کے والد کو ریمون جیل میں قید تنہائی میں ڈال دیا ہے۔ احمد نے بتایا کہ مسلسل دس روز سے جاری بھوک ہڑتال کے باعث ان کے والد کی صحت بری طرح بگڑ چکی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے تعلق رکھنے والے 61 سالہ رزق الرجوب نے چند ہفتے قبل بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ کئی روز تک بھوک ہڑتال جاری رکھنے کےبعد اسرائیلی حکام نے یقین دلایا تھا کہ انہیں جلد ہی رہا کیا جائے گا۔ اس لیے وہ بھوک ہڑتال ختم کردیں۔ اس یقین دہانی کے بعد اسیر الرجوب نے بھوک ہڑتال معطل کردی تھی۔
گذشتہ روز صہیونی حکام نے دجل اور فریب کا مظاہرہ کرتےہوئے کہا کہ رزقو الرجوب کو چھ ماہ کے لیے بغیر کسی الزام کے انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل کیاجاتا ہے۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران کے مطابق اسرائیل کی عسقلان نامی فوجی عدالت نے رزق الرجوب کو انتظامی قید کی سزا سنائی ہے۔
فلسطینی محکمہ اسیران کا کہنا ہے کہ صہیونی حکام نے الرجوب کو دھوکہ دیا ہے۔ وہ مسلسل 23 روز تک پہلے بھی بلا جواز گرفتاری کے خلاف بھوک ہڑتال کرچکے ہیں۔ انہوں نے صہیونی حکام کی طرف سے رہائی کی یقین دہانی کےبعد بھوک ہڑتال معطل کی تھی۔ مگر قابض حکام نے اہیں دھوکہ دیتے ہوئے چھ ماہ کے لیے قابل تجدید سزا کے تحت پابند سلاسل کردیا ہے۔
خیال رہے کہ رزق الرجوب کو اسرائیلی فوج نے 27 نومبر کو حراست میں لیا تھا جس کے بعد انہیں کہا گیا تھا کہ اگر وہ رہائی چاہتے ہیں توانہیں فلسطین سے نکل جانا ہوگا۔ اس پر انہوں نے صہیونی ریاست کی طرف سے جلاوطنی کی پیشکش پر رہائی ٹھکرا دی تھی اور بلا جواز گرفتاری کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ جب ان کی بھوک ہڑتال تئیس دن تک پہنچی تو صہیونی فوج نے انہیں یقین دلایا کہ انہیں جلد ہی غیرمشروط طورپر رہا کردیا جائے گا۔ اس لیے وہ بھوک ہڑتال ختم کردیں۔ اسیر کے اہل خانہ اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے بھی صہیونی حکام کی اس مجرمانہ دھوکہ دہی کو انتہائی شرمناک اور غیرانسانی قرار دیا ہے۔