چهارشنبه 30/آوریل/2025

القسام کے دو کارکن 15 سال بعد اسرائیلی قید سے رہا

جمعہ 9-فروری-2018

اسرائیلی جیلوں میں مسلسل پندرہ سال تک پابند سلاسل رہنے والے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے دو کارکنان کو گذشتہ روز رہا کردیا گیا۔ دونوں کا تعلق مقبوضہ غرب اردن کے جنوبی علاقے بیت لحم کے الخضر قصبے سے ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کو اسرائیلی حکام کی جانب سے دو فلسطینی اسیران رزق عیسیٰ اور محمد ابو صرۃ کو رہا کیا گیا۔ دونوں جزیرہ نما النقب کی صحرائی جیل میں قید تھے۔ انہیں جنوبی الخلیل میں ’میتار‘ چیک پوسٹ پر لایا گیا جہاں سے انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا۔ چیک پوسٹ پر دونوں کارکنوں کی رہائی پران کے استقبال کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

بعد ازاں انہیں ایک قافلے کی شکل میں الخضر قصبے میں ان کے گھروں میں لایا گیا۔ حماس کے کارکنوں اور دیگر شہریوں کا ھجوم ان کے استقبال کے لیے جمع ہوگیا تھا۔

حماس کے کارکنوں نے دونوں  فلسطینیوں کی اسرائیلی جیل سے رہائی پر جشن منایا۔

خیال رہے کہ محمد ابو صرہ اور رزق عیسیٰ کو اسرائیلی فوج نے ایک ہی روز 7 فروری 2003ء کو حراست میں لیا تھا۔ ان پر فدائی حملوں میں معاونت کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا اور پندرہ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی