فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے کفر عقب اور غرب اردن کے شمالی شہراریحا میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف نکالی گئی ریلیوں پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 32 فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے غرب اردن اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کی پرامن ریلیوں پر اندھا دھند فائرنگ، آنسوگیس کی شیلنگ، ربڑ کے خول میں لپٹی دھاتی گولیوں کا بے دریغ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق شمالی بیت المقدس میں کفر عقب کے مقام پر ایک ریلی پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ان میں ایک 16 سالہ زخمی کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ’کخاف یعقوب‘ یہودی کالونی کے قریب اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔ فلسطینی مظاہرین نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔
زخمی ہونے والے ایک نوجوان کے چہرے اور سینے پر زخم آئے ہیں اور اسے رام اللہ کے فلسطین میڈیکل کپملیکس منتقل کیا گیا ہے۔
ادھر اریحا شہر کے داخلی راسے پر ہونے والی ایک ریلی پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 30 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ان میں 21 فلسطینی دھاتی گولیوں کے لگنے سے زخمی ہوئے۔ ہلال احمر کے امدادی کارکنوں نے 9 زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جب کہ متعدد دیگر کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔