فلسطین کے ایک ممتاز سائنسدان اور سرکردہ کاروباری شخصیت عدنان مجلی نے ایک وفد کے ہمراہ غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔
اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عدنان مجلی اور اسماعیل ھنیہ کے درمیان ہونے والی بات چیت میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، فلسطینیوں کے درمیان مصالحت سمیت قومی دلچسپی کے حامل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہ نماؤں نے فلسطینی قوم کے حقوق اور قضیہ فلسطین کو لاحق خطرات کا مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت سے بھی اتفاق کیا۔
فلسطینی سائنسدان اور اسماعیل ھنیہ کے درمیان بات چیت میں سائنس اور تحقیق کے میدان میں فلسطینی نوجوانوں کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ فلسطینی قوم کو تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر دونوں رہ نماؤں نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں بنیادی ڈھانچے، بجلی، پانی اور اسپتالوں میں ادویہ کی قلت کے بحرانوں سے نمٹنے کےلیے جاری منصوبوں پر کام کرنے پر بھی بات چیت کی۔