چهارشنبه 30/آوریل/2025

مرکزی کونسل کا اصل امتحان اعلانات پر عمل درآمد کرنا ہے: حماس

منگل 16-جنوری-2018

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے رام اللہ میں فلسطینی مرکزی کونسل کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کو اہم قرار دیا ہے تاہم جماعت کا کہنا ہے کہ محض زبانی کلامی بیان بازی نہیں بلکہ جاری کردہ اعلانات کو عملی شکل دینا ہوگا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی قیادت پرمشتمل مرکزی کونسل کی طرف سے جاری کردہ اعلانات کوعملی شکل دینا ہوگا۔ مرکزی کونسل نے جن اعلانات اور دعوؤں کا عہد کیا ہے ان پرعمل درآمد کے بغیر کوئی فایدہ نہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مرکزی کونسل کا اصل امتحان اجلاس کے دوران کیے گئے اعلانات پرعمل درآمد ہے۔ کونسل نے سنہ 2011ء کے دوران قاہرہ معاہدے کے تحت فلسطینیوں میں مصالحتی عمل کو آگےبڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان پرعمل درآمد کی ضرورت ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم قضیہ فلسطین کے نازک اور تاریخی مرحلے سے گذر رہی ہے۔ موجودہ حالات کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئےعملی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ اتوار اورسوموار کے ایام میں رام اللہ میں ہونے والے فلسطینی  مرکزی کونسل کے اجلاس کے دوران اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لینے، اسرائیل کے خلاف ہرسطح پر مزاحمت کرنے اور فلسطینیوں کے درمیان مصالحت کو آگے بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی