امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ امریکی انتظامیہ کے بارے میں سنسنی خیر انکشافات کرنے والی کتاب "Fire and Fury” کے مصنف پر اپنا بھرپور غصّہ اُتارا ہے۔ ٹرمپ نے اتوار کی شب کیے جانے والی ٹوئیٹ میں کتاب کے مصنف امریکی صحافی اور کالم نگار مائیکل وولف کو ذہنی طور پر ایسا دیوانہ قرار دیا جس نے دانستہ طور پر ایسی معلومات پھیلائیں جن کے درست نہ ہونے کا خود اُسے بھی علم تھا۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ "میڈیا کی جانب سے کئی جھوٹی خبریں نشر کی جاتی ہیں جن کے صحیح ہونے کے بارے میں جاننے کی کوشش بھی نہیں کی جاتی۔ یہاں تک کہ ان خبروں کے جھوٹے ہونے کی تصدیق کے بعد بھی ان کے حوالے سے تصحیح نہیں کی جاتی۔ اب یہ لوگ ایک جعلی کتاب کی مشہوری کر رہے ہیں جو ایک ایسے آدمی نے تحریر کی ہے جس کا دماغی توازن درست نہیں۔ وہ جان بوجھ کر جھوٹی معلومات تحریر کرتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ بعض ذرائع ابلاغ دیوانگی کا شکار ہو چکے ہیں کیوں کہ ہم نے انتخابات میں میدان مار لیا”۔
یاد رہے کہ مائیکل وولف کی کتاب "فائر اینڈ فیوری : اِن سائیڈ دی ٹرمپ وائٹ ہاؤس” پانچ جنوری کو شائع ہوئی تھی۔ ٹرمپ کی جانب سے اس کتاب کو "جھوٹ کا پلندا” قرار دیا گیا۔
کتاب میں ٹرمپ کے معاونین کے بیانات اور مواقف شامل کرنے کا دعوی کیا گیا ہے جنہوں نے صدارت کے منصب کے لیے ٹرمپ کی اہلیت کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔ ان معاونین میں ٹرمپ کے سابق حلیف اور سینئر مشیر اسٹیف بینن بھی شامل ہیں۔ کتاب میں ٹرمپ کو بزدل اور وہائٹ ہاؤس کے امور سے نابلد قرار دیا گیا ہے۔