اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی شہری صہیونی زندانوں میں قید مسلسل کے 20 سال مکمل کرنے کے بعد 21 ویں سال میں داخل ہوگئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القسام کارکن 42 سالہ عمار عبدالرحمان الزبن کا تعلق غرب اردن کے شمالی شہر نابلس سے ہے۔ اسے 11 جنوری 1998ء کو حراست میں لیا گیا تھا۔ وہ مسلسل بیس سال سے اسرائیلی جیل میں پابند سلاسل ہیں۔ عمار الزین کو 26 بار عمر قید اور 25 سال اضافی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
الزبن نے القسام بریگیڈ کے زیراہتمام ’شہداء اسیران سیل‘ قائم کیا اور سنہ 1997ء میں القدس میں بن یہودا روڈ اور محنیہ یہودا بازار میں دو فدائی حملوں میں 27 صہیونیوں کو جہنم واصل کیا تھا۔
سنہ 2012ء میں الزبن کے نطفے کی مصنوعی طریقے سے منتقلی کے بعد 2014ء میں ان کے ہاں ایک بچہ پیدا ہوا جس کا نام صلاح الدین رکھا گیا۔
القسام کے دوسرے اسیر 47 سالہ معاذ بلال فلسطینی عالم دین سعید بلال کے صاحبزادے ہیں۔ شہداء اسیران سیل بنانے میں القسام کارکنان کی معاونت کی تھی۔ الخلیل شہر میں ایک گوریلا کارروائی میں متعدد یہودیوں کی ہلاکت کےبعد حراست میں لیا گیا تھا۔ معاذ بلال کو 26 بار عمر قید اور 25 سال اضافی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔