چین نے زمین اور پانی سے اڑان بھرنے والا دنیا کا سب سے بڑا طیارہ AG600 تیار کیا ہے جس نے کامیابی کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل اپنی پہلی پرواز بھی مکمل کرلی ہے۔
ایک بوئینگ 737جتنے حجم والے اس طیارے میں چار ٹربوپروپ انجن لگے ہیں۔ اس طیارے نے چین کے جنوبی صوبے گوآنگڈونگ کے ژہوہائی ایئرپورٹ سے پرواز کی۔
اس طیارے میں 50 لوگ سوار ہوسکتے ہیں اور یہ 12 گھنٹوں تک فضا میں پرواز کرسکتا ہے۔ AG600 کا خفیہ نام ’کنلونگ‘ ہے۔
سرکاری میڈیا ژنہوا نے اس طیارے کو’سمندر، جزائر اور پانی کی تہوں کا محافظ ‘ قرار دیا ہے۔
طیارے کی پرواز کو ریاستی ٹیلی ویژن پر براہ راست دکھایا گیا اور اس کی واپسی پر ایک ہجوم نے پرچم لہرا کر اور فوجی میوزک چلا کے مبارکباد دی گئی۔
اس طیارے کی تیاری میں آٹھ سال لگے اور یہ زیادہ سے زیادہ 53.5 ٹن وزن لے جاسکتا ہے اور اس کے ایک پر کا حجم 38.8 میٹر یا 127 فٹ ہے۔
چین میں اس طیارے کے پہلے ہی 17 آرڈرز دیے جاچکے ہیں۔ بحیرہ جنوبی چین سے متعلق چین کی پالیسی پر کئی پڑوسی ممالک کو اعتراض ہے اور گذشتہ برس اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ ایک ٹریبوینل نے خطے میں چین کے دعوؤں کو مسترد بھی کر دیا تھا۔
ہیوز ایچ فور ہرکیولیس نے 1947 میں 26 سیکنڈ کے لیے صرف ایک بار پرواز کی تھی
ممکن ہے AG600 نے اس وقت ریکارڈ توڑے ہوں لیکن چین کی یہ کوشش ارب پتی ہاورڈ ہیوز کی پرواز کرنے والی مشہور کشتی کے مقابلے بہت چھوٹی نظر آتی ہے۔
سپروس گوز یا مزید تکنیکی انداز میں کہا جائے تو ہیوز ایچ فور ہرکیولیس کے ایک پر کا حجم 97.54 میٹر ہے۔
1947 میں اس طیارے نے صرف 26 سیکنڈ کےلیے ایک پرواز کی تھی اور پھرکبھی دوبارہ اسے پرواز کے لیے روانہ نہیں کیا گیا۔ یہ طیارہ امریکا کی ریاست اوریگون کے عجائب گھر میں نمائش کے لیے رکھا ہے۔