اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل کی قیادت میں جماعت کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد نے افریقی ملک موریتانیہ کے صدر محمد ولد عبدالعزیز سے ملاقات کی۔
موریتانیہ کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق خالد مشعل کی قیادت میں جماعت کے وفد نے ایوان صدر میں صدر محمد ولد عبدالعزیز سے ملاقات کی۔
اس موقع پر حماس کے وفد نے جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی طرف سے موریتانوی حکومت اور قوم کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق خالد مشعل کی موریتانیہ آمد پر صدر محمد ولد عبدالعزیز نے مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ موریتانیہ فلسطینی قوم کے حقوق بالخصوص حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر خالد مشعل نے موریتانیہ کے فلسطینی قوم کے حوالے سے جرات مندانہ موقف بالخصوص سنہ 2009ء میں دوحہ میں ہونے والی غزہ کے حوالے سے سربراہ کانفرنس میں فلسطینیوں کی کھل کر حمایت کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔