جمعه 15/نوامبر/2024

چین ۔ امن عمل آگے بڑھانے میں معاونت کے لیے تیارہیں: نبیل شعث

پیر 25-دسمبر-2017

چین اور روس نے تنازع فلسطین کے حل کے سلسلے میں امن بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون پر آمادی کا اظہار کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اس بات کا اظہار فلسطینی صدر کے مشیر برائے عالمی امور نبیل شعث نے چین اور روس کے دورے سے واپسی کے بعد رام اللہ میں ایک پریس  کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین اور روس کی قیادت نے بین الاقوامی آئینی قراردادوں کی روشنی میں امن بات چیت آگے بڑھانے کے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور دونوں ملکوں نے امریکا کے متبادل کےطور پر مشرق وسطیٰ کے سب سے بڑے تنازع کے حل کے لیے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

بعد ازاں سرکاری ریڈیو سے بات کرتے ہوئے نبیل شعث نے کہا کہ روس، چین اور یورپی ممالک اقوام متحدہ کی زیرنگرانی امن بات چیت کو آگے بڑھانے میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔

نبیل شعث کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امن وامان کے قیام کے سلسلے میں امریکا پر بہت انحصار ہوچکا ہے۔ اب امریکیوں پر اعتماد کرنے کی کوئی گنجائش باقی نہیں اور نہ ہی امن بات چیت کی ثالثی کے لیے امریکا کی کوئی اجارہ داری ہے۔ ہمیں گذشتہ بیس سال سے کھوکھلے وعدوں پر بلیک  میل کیا گیا اور ہم سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔

ادھر عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ حال ہی میں بیجنگ میں فلسطینی اور اسرائیلی وفود کی ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں چینی وزیرخارجہ وانگ ژی بھی موجود تھے۔ انہوں نے تل ابیب اور رام اللہ کے درمیان  براہ راست امن بات چیت کی بحالی کے لیےچین کی طرف سے تعاون کا یقین دلایا۔

اسرائیلی وفد کی قیادت کنسیٹ میں صہیونی لابی کے سربراہ حیلک پار نے کی جب کہ فلسطینی وفد کی قیادت نبیل شعث نے کی تھی۔ ملاقات میں دونوں فریقوں کے ہمراہ دانشور اوراہم حکام بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ نبیل شعث کی قیادت میں فلسطینی اتھارٹی کا اعلیٰ اختیاراتی وفد حال ہی میں چین اور روس کے دورے پر گیا تھا۔ یہ وفد ایسے وقت میں غیرملکی دورے پرآیا جب دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد فلسطین اور امریکا کےدرمیان رابطے معطل ہیں۔

فلسطینی اتھارٹی نے کھل کر کہا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کے لیے امریکا کے کسی امن منصوبے کو قبول نہیں کرے گا۔

مختصر لنک:

کاپی