ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب عبدالرزاق نے کہا ہے کہ ان کا ملک مقبوضہ بیت المقدس کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کےرد عمل میں وزیراعظم عبدالرزاق نے کہا کہ ٹرمپ نے القدس کے حوالے سے ایک غیرآئینی اور غیرقانونی اعلان کرکے خطے کو آگ میں جھونک دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بیت المقدس کے حوالے سے امریکی صدر کا اقدام عالم اسلام کی توہین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا بے حرمتی ہے۔
ملائیشن وزیراعظم نے کہا کہ ان کے ملک کے امریکا کے ساتھ کئی شعبوں میں تعلقات قائم ہیں مگر وہ القدس کے حوالے سے واشنگٹن کےفیصلے کی قطعا حمایت نہیں کریں گے۔ بیت المقدس کے حوالے سے ملائیشیا اپنی دیرینہ پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔
نجیب عبدالرزاق کا کہنا تھا استنبول میں ہونے والی القدس کے حوالے سے اسلامی سربراہ کانفرنس میں امریکی اقدام کے خلاف سخت موقف اپنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ بدھ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت قرار دیا تھا جس پر عالم اسلام کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔