اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے فلسطینی قوم کے تمام مزاحمتی گروپوں پر زوردیاہے کہ وہ قابض اورغاصب دشمن کے خلاف اپنے منصفانہ حقوق کے حصول کے لیے بھرپور انداز میں مزاحمت کرے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم کی اصل طاقت اس کے اتحاد اور یکجہتی میں ہے۔ فلسطینی قوم کو محاذ جنگ پر سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونا پڑے گا۔ حماس تمام فلسطینیوں سےاپیل کرتی ہے کہ وہ دشمن کے خلاف جدو جہد اور مزاحمت کے لیے ایک پرچم تلے متحد ہوجائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم صہیونی غاصبوں کے خلاف لڑ کراپنے حقوق حاصل کرے۔ آج ہفتے کے روز پورے فلسطین میں غاصب صہیونیوں کے خلاف جرات مندانہ انداز میں مزاحمت کی جائے۔
حماس کا کہنا ہے کہ صہیونی غاصب ریاست کے خلاف فلسطینی قوم نے تیسری انتفاضہ المبارکہ شروع کردی ہے۔ یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک فلسطینیوں ان کے سلب شدہ حقوق نہیں مل جاتے اس وقت تک بھرپور جدو جہد جاری رہے گی۔ حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے دیرینہ حقوق میں کسی افراط وتفریط کوبراداشت نہیں کرے گی۔ حماس کا کہنا ہے کہ امریکا نے القدس کے بارے میں فیصلہ کرکے اپنا مکروہ چہرہ پوری دُنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔