سلامتی کونسل میں مصر کے مندوب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کے حوالے کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ مصری مندوب عمرو ابو العطاء کا کہنا ہے کہ امریکی صدر نے القدس کے بارے میں متنازع فیصلہ کرکے خطے کی سلامتی داؤ پر لگا دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مصری مندوب نے کہا کہ امریکا نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے اور امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی کے اعلان سے خطے کو ایک نئی تباہی سےدوچار کیا ہے۔ امریکی صدر کے اقدام کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔
عمرو ابو العطاء نے کہا کہ بیت المقدس مقبوضہ علاقہ ہے اور اس کی حیثیت اس وقت تک تبدیل نہیں ہوگی جب تک تنازع کے مرکزی فریقین مذاکرات کے ذریعے اس کا کوئی حل نہ نکالیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز نیویارک میں سلامتی کونسل کے مندوبین کے اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا القدس کے بارے میں فیصلہ مسترد کردیا گیا۔