شنبه 16/نوامبر/2024

القدس اسرائیل کودینا مسلمانوں کے زخموں پرنمک پاشی ہے: نواز شریف

جمعہ 8-دسمبر-2017

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ [ن] کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیل کے حوالے کرنا مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے سے متعلق اپنے رد عمل میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ٹرمپ کا اقدام عالمی قوانین کے منافی اور قانون کی حکمرانی کے لیے دھچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے قابل مذمت اقدام نے پورے عالم اسلام کو مایوس اور مشتعل کیا ہے۔ ٹرمپ کے اقدام سے صرف فلسطین نہیں بلکہ یواین کا مستقبل بھی متاثر ہوگا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ بیت المقدس اسرائیل کے حوالے کرنا نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی توہین ہے بلکہ یہ خود امریکا کی پالیسی کے خلاف ہے۔ امریکی صدر نے جو قدم اٹھایا ہے وہ کھلم کھلا اسرائیل نوازی پرمبنی ہے۔ قابض اسرائیلی حکومت نے فلسطینی قوم پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے۔ ان کے حقوق کی حمایت کے بجائے ظالم کا ہاتھ پکڑنا مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ میاں محمد نوازشریف نے فلسطینیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعلان کیا اور القدس کے دفاع کے لیے عالم اسلام میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان میں مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے امریکی اقدام کی شدید مذمت کی گئی۔ صدر پاکستان ممکن حسین نے مسلم ممالک پر القدس کےدفاع کے لیے موثر کوششیں کرنے اور امریکی اقدامات کو روکنے پر کے لیے حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا۔

مختصر لنک:

کاپی