اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی مبینہ بدعنوانی کے کیسز کی تحقیق کے دوران عوامی حلقوں میں ان کے خلاف شدید غم وغصے کی لہرپائی جا رہی ہے۔ گذشتہ روز نام نہاد اسرائیلی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب سمیت کئی شہروں میں ہزاروں صہیونیوں نے نتین یاھو کی کرپشن کے خلاف احتجاج کیا اور ان سے وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق تل ابیب میں جمع ہونے والے ہزاروں یہودیوں نے نتین یاھو کی مالی، انتظامی اور اخلاقی بدعنوانی کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے اسرائیلی پولیس کے خلاف بھی نعرے لگائے اور پولیس پر وزیراعظم کے کرپشن کے کیسز کی تفتیش میں دانستہ تاخیر کا الزام عاید کیا۔
مظاہرین نے اسرائیلی حکمراں جماعت ’لیکوڈ‘ کی جانب سے نیتن یاھو کے آئینی تحفظ کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کردہ بل پر دوسری اور تیسری رائے شماری کرانے کو اخلاقی کرپشن قرار دیا۔
عبرانی اخبارات کا کہنا ہے کہ تل ابیب کے علاوہ حیفا، روش بینا اور کئی دوسرے شہروں میں بھی ہزاروں افراد نے نیتن یاھو کی بدعنوانی کے خلاف احتجاج کیا۔
تل ابیب میں شاہراہ روچیلڈ سے ھبیما تھیٹر تک احتجاج کیا۔ اس کے علاوہ معیسا جیل کے باہر بھی اسرائیلی شہریوں نے نیتن یاھو کی کرپشن کے خلاف احتجاج کیا۔