شنبه 16/نوامبر/2024

’جی سی سی‘ سربراہ اجلاس میں امیرقطر اورشاہ سلمان آمنے سامنے!

پیر 4-دسمبر-2017

کل منگل کو کویت کی میزبانی میں ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس میں قطر کے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز بھی شرکت کریں گے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کویت کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس میں کئی ماہ کے تعطل کے بعد امیر کویت اور سعودی فرمانروا شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ رواں سال جون میں سعودی عرب اورقطر میں سفارتی کشیدگی کے بعد خلیج تعاون کونسل کا یہ پہلا سربراہ اجلاس ہے۔

قطری وزیرخارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے ایک بیان میں بتایا کہ کویت کی میزبانی میں ہونے والے سربراہ اجلاس میں امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی شرکت کرین گے۔

دوحہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قطری وزیرخارجہ نے کہا کہ کل منگل کو کویت میں ہونے والےجی سی سی سربراہ اجلاس میں خلیجی ممالک کی صف اول کی قیادت شرکت کرے گی۔

خیال رہے کہ کویت کی دعوت پر پانچ اور چھ دسمبر کو ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے اجلاس میں خطے کی موجودہ صورت حال پر غور کیا جائے گا۔ یہ اجلاس ایکا ایسے وقت میں ہو رہا ہے کہ تنظیم کے تین رکن ملکوں سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل ہیں۔

قطری وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ وہ  آج سوموار کی شام جی سی سی کے وزراء خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ قطر اور دوسرے خلیجی ملکوں کےدرمیان سفارتی کشیدگی کو چھ ماہ گذر چکے ہیں۔ تین خلیجی ملکوں سعودی عرب، بحرین اور امارات کے علاوہ مصر نے بھی قطر کا محاصرہ کررکھا ہے۔

ادھر سعودی عرب کے ایک سفارتی ذریعے کا کہنا ہے کہ کل منگل کو ہونے والے جی سی سی سربراہ اجلاس میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اپنے ملک کی طرف سے وفد کی قیادت کرین گے۔ یہ اجلاس منگل اور بدھ دو روز تک جاری رہے گا۔ سعودی عرب کی طرف سے سرکاری طورپر سربراہ اجلاس میں شرکت کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

مختصر لنک:

کاپی