فلسطینی اتھارٹی کے ہاں متعین مصر کے قونصل جنرل خالد سامی نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت’حماس‘ اور تحریک فتح قاہرہ کی مساعی سے طے پائے مصالحتی معاہدے کو کامیاب بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز غزہ کی پٹی کے دورے کے دوران ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصری قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ حماس اور فتح قاہرہ کی مساعی سے طے پائے مصالحتی معاہدے کو کامیاب بنائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حالات کا تقاضہ ہے کہ فلسطینی قوم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے۔
خیال رہے کہ 23 نومبر کو فلسطینی اتھارٹی کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد غزہ کی پٹی پہنچا تھا۔ قبل ازین فلسطینی اتھارٹی کے وفد نے چار روز تک مصر میں قیام کیا جہاں فلسطینیوں میں جاری مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مذاکرات کیے گئےْ۔
خالد سامی نے کہا کہ فلسطینیوں میں مصالحت پر مصر اور فلسطینی قوم دونوں کو خوشی ہے۔ مصر فلسطینیوں میں مصالحت کا ضامن ہے۔ اب اس مفاہمت کو کامیاب بنانا تمام فلسطینی فریقوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
خبر رساں ادارے ’اناطولیہ‘ کے مطابق مصری حکام نے فلسطینی دھڑوں پر مصالحت کامیاب بنانے پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ تمام فلسطینی جماعتیں قاہرہ معاہدے کی پاسداری کریں۔
خیال رہے کہ مصری حکام کا ایک وفد گذشتہ روز رام اللہ سے بیت حانون گذرگاہ کے راستے غزہ پہنچا تھا۔
وفد مین مصری انٹیلی جنس وزیر ھمام ابو زید اور مصری قونصل جنرل خالد سامی سمیت دیگرعہدیدار شامل تھے۔