چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینی اسیر اسرائیلی زندان میں قید تنہائی میں منتقل

جمعرات 30-نومبر-2017

اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ فلسطینی قیدی ایمن علی سلیمان اطبیش کو ’عوفر‘ سے اوھلیکیدار جیل منتقل کرنے کے بعد قید تنہائی میں منتقل کردیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیران کےحقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’شہداء اسیران فاؤنڈیشن‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسلامی جہاد کے رکن ایمن سلیمان اطبیش کو گذشتہ روز ’عوفر‘ جیل سے اوھلیکیدار جیل منتقل کیا تھا جہاں انہیں اسرائیلی خفیہ ادارے ’شاباک‘ کی سفارش پر قید تنہائی میں ڈال دیا گیا ہے۔ فلسطینی اسیر کو قید تنہائی میں ڈالے جانےکی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے ایمن اطبیش کو 2 اگست 2016ء کو حراست میں لیا تھا اور بغیر کسی الزام کے انہیں انتظامی قید میں ڈال دیا گیا تھا۔

اسیر ایمن اطیبش غیرقانونی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے پہلی بار 105 دن مسلسل بھوک ہڑتال کی تھی جب کہ دوسری بھوک ہڑتال بھی 100 دن تک جاری رہی تھی۔

سنہ 1980ء کو پیدا ہونے والے فلسطینی شہری اور اسلامی جہاد کے رکن ایمن اطبیش کی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں بار بار گرفتاریوں کے باعث ان کی تعلیم بھی مکمل نہیں ہوسکی۔

مختصر لنک:

کاپی