اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار ’ہارٹز‘نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے گذشتہ روز افریقی ملک کینیا کے دورے کے دوران روانڈا کے صدر سے بھی ملاقات کی اور روانڈا میں اسرائیلی سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے بدھ کو نیروبی میں روانڈا کے صدر ’پول کا گاما‘ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے روانڈا کے دارالحکومت ’کیگالی‘ میں اسرائیلی سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ اسرائیل اور روانڈا کےدرمیان سفارتی تعلقات قائم نہیں تاہم دونوں ملکوں کے درمیان کچھ عرصے سے قربت بڑھ رہی ہے۔ روانڈا نے حال ہی میں اسرائیل میں رہنے والے روانڈا کے مہاجرین کی واپسی پر اتفاق کیا ہے۔
نیتن یاھو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ جلد ہی کیگالی میں اسرائیل کا سفارت خانہ قائم کریں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ روانڈا میں سفارت خانہ کےقیام سے نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ افریقی ممالک کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات مزید گہرے اور وسیع ہوں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے روانڈا کے صدر سے ملاقات میں دونوں ملکوں میں براہ راست فضائی سروس شروع کرنے پر بھی بات کی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو گذشتہ روز کینیا میں نئے صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ اس موقع پر دوسرے افریقی ممالک کے رہ نما اور سیاسی قیادت بھی موجود تھی۔