اسرائیل کے عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی 2 نے اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو پولیس کے ساتھ جاری رہنے والی تفتیش کے دوران کرپشن الزامات سے متعلق سوالوں کے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے ہیں۔
عبرانی ٹی وی چینل نے تحقیق کاروں کے ایک مقرب ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیس ایک ماہ کے اندر اندر وزیراعظم کے خلاف کیس نمبر 1000 کی الزامات پر فرد جرم عاید کرنے کی سفارش کرسکتی ہے۔ اس کیس میں وزیراعظم پر ایک یہودی کاروباری شخصیت کو سہولیات دینے کے عوض رشوت وصول کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کیس 2000 کے حوالے سے وزیراعظم سے پوچھ گھچ جلد ہونے والی ہے۔
میڈیا میں مشہور ہونے والے کیس 3000 میں پولیس نے وزیراعظم سے پوچھ گچھ کو خارج از امکان قرار دیا ہے تاہم پولیس ان کے دو معاونین اسحاق مولخو اور ڈیوڈ شمرون سے پوچھ گچھ جاری رکھے گی۔