یمن کی مذہبی سیاسی جماعت اور اخوان المسلمون کی حمایت یافتہ ’حزب الاصلاح‘ کے سربراہ محمد عبداللہ الیدومی نے گذشتہ روز اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ولی عہد اور یمنی حزب الاصلاح کے رہ نما کے درمیان ہونے والی بات چیت میں یمن کی تازہ ترین صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ حزب الاصلاح یمن کی سب سے بڑی مذہبی سیاسی جماعت ہے۔ یہ جماعت 13 ستمبر 1990ء کو یمن کےجنوبی اور شمالی حصوں کے باہمی ادغام کے بعد قائم کی گئی تھی۔ فکری طور پر یہ جماعت اخوان المسلمون کے لوگوں پر مشتمل ہے۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں حوثی باغیوں اور مںحرف سابق صدر علی عبداللہ صالح کے خلاف فوجی آپریشن جاری ہے۔ یہ فوجی آپریشن 26 مارچ 2015ء سے جاری ہے۔