اسرائیلی جیل میں گذشتہ 11 سال سے پابند سلاسل اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک رکن 37 سالہ رامی فرید الزعانین کو رہا کردیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رہائی پانے والے فلسطینی شہری کا تعلق غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت حانون قصبے سے ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق فرید الزعانین کو گذشتہ شام بیت حانون گذرگاہ سے غزہ میں فلسطینی حکام کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر الزعانین کے عزیز واقارب اور حماس کے کارکنان کی بڑی تعداد اس کے استقبال کے لیے جمع تھی۔ بیت حانون گذرگاہ سے ایک قافلے کی شکل میں اسے اس کے گھر تک لایا گیا۔
خیال رہے کہ فرید زعانین کو 13 نومبر 2006ء کو اسرائیلی فوج نے بیت حانون میں اس کےگھر میں گھس کر اٹھا لیا تھا۔ اس پرحماس اور اس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ سے تعلق اور اسرائیل کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں حصہ لینے کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا اور گیارہ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
دوران حراست الزعانین کو صہیونی درندہ صفت اور جلاد تفتیش کاروں نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس نے مصر ک جامعہ الازھر سے قانون کی تعلیم حاصل کررکھی ہے۔ گرفتاری سے قبل وہ وکالت کے پیشے سے وابستہ تھے۔