چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ میں گذرگاہوں کا انتظام فلسطینی قومی حکومت کے سُپرد

بدھ 1-نومبر-2017

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی اندرونی اور بیرونی گذرگاہوں کا انتظام آج بدھ کو فلسطین کی قومی حکومت کے حوالے کردیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور فتح کے درمیان مصر کی ثالثی کے تحت طے پائے معاہدے کےمطابق آج سے غزہ کی تمام اندرونی اور بیرونی راہ داریوں کا کنٹرول فلسطینی قومی حکومت کے سپرد کردیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق غزہ کی پٹی میں راہ داریوں کا انتظام قومی حکومت کو سپرد کرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سرکاری تقریب میں غزہ اور غرب اردن کو ملانے والی گذرگاہوں کرم ابو سالم اور بیت حانون کا انتظام فلسطینی حکومت کو سپرد کیا گیا۔

تقریب میں مصری حکومت کا اعلیٰ اختیاراتی وفد بھی موجود تھا۔ گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں گذرگاہ امور کے ترجمان ھشام عدوان نے مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ گذرگاہوں پر محصول چونگی کا انتظام فلسطین بنک کے توسط سے قومی حکومت کی قائم کردہ انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 12 اکتوبر کو حماس اور فتح نے مصر کی ثالثی کے تحت ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں جماعتوں نے گیارہ سال سے جاری اختلافات ختم کرکے ملک میں قومی حکومت کےقیام پر اتفاق کیا تھا۔ حماس نے غزہ کی پٹی میں قائم اپنی عبوری انتظامی کمیٹی تحلیل کرکے یکم دسمبر تک تمام محکموں کے اختیارات فلسطینی قومی حکومت کے حوالے کرنےسے اتفاق کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کی بیرونی گذرگاہ رفح کا انتظامی کنٹرول 15 نومبر تک قومی حکومت کے حوالے کیا جائے گا، جس کے بعد غزہ کی رہ داریاں سنہ 2005ء سے قبل والی پوزیشن پرآجائیں گی۔

مختصر لنک:

کاپی