پنج شنبه 08/می/2025

حماس،اسلامی جہاد کا صہیونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم

منگل 31-اکتوبر-2017

فلسطینی تنظیموں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور اسلامی جہاد نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری اور اس کے نتیجے میں بیس فلسطینیوں کے شہید اور زخمی کیے جانے کے بعد اس جارحیت کے جواب میں متفقہ لائحہ عمل مرتب کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کی قیادت نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل رمضان شلح سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہ نماؤں نے خان یونس کے مقام پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی وحشیانہ بمباری اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے اسلامی جہاد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہ نماؤں نے قابض اسرائیلی فوج کی ننگی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اسماعیل ھنیہ نے اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کو شہداء آزادی قرار دیا اور کہا کہ فلسطینی قوم دشمن کے خلاف آزادی کے حصول اور دشمن کو ملک سے نکال باہر کرنے تک جہاد جاری رکھے گی۔

مختصر لنک:

کاپی