حماس کی پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کا کہنا ہے کہ حماس کی سیکیورٹی فورسز کے کمانڈر میجر جنرل توفیق ابو نعیم پر قاتلانہ حملے کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔
ابو نعیم کی عیادت کے لئے ہسپتال آمد کے موقع پر اسماعیل ھنیہ نے فلسطینیوں کو قاتلانہ حملے کی ناکامی پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس حملے کے نتیجے میں حماس کسی صورت بھی مزاحمت کو نہیں چھوڑے گی۔
ھنیہ نے اس موقع پر حماس کی جانب سے قومی مفاہمت کے عمل کو مکمل کرنے اور اندرونی تقسیم کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے تحریک فتح اور فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے کہا کہ وہ فلسطینی مفاہمت کے عمل کو تیز کردیں۔
حماس رہنما نے وزیر اعظم رامی الحمداللہ سے مطالبہ کیا کہ وہ قاتلانہ حملے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے تمام کوششیں کریں۔