فلسطینی اتھارٹی کے محکمہ امور اسیران کی طرف سےجاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیل میں گذشتہ 10 روز سے مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی نوجوان بلال ذیاب کی حالت تشویشناک ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہےکہ غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے بلال ذیاب نے بلا جواز انتظامی قید کے خلاف بہ طور احتجاج دس روز سے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔
فلسطینی وکیل اور قانون دان کریم عجوۃ نے بتایا کہ اسیر ذیاب پہلے ہی بیماری ہیں۔ اب انہوں نے بھوک ہڑتال بھی شروع کر رکھی ہے۔ بیماری اور بھوک ہڑتال نے ان کی حالت مزید خراب کردی ہے۔
عجوۃ نے بتایا کہ بھوک ہڑتال شروع ہونے کے بعد اسرائیلی فوج نے انہیں گذشتہ اتوار کو جزیرہ نما النقب کی جیل سے عسقلان کے زندان میں منتقل کیا ہے۔ عسقلان جیل انتہائی تنگ ہے اور قیدیوں کو بنیادی سہولیات اور سردیوں میں گرم کپڑے تک میسر نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ گندگی کا یہ عالم ہے کہ جیل میں ہرطرف حشرات الارض اور خطرناک کیڑے مکوڑے عام ہیں۔