چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطین میں صحافتی حقوق کی سنگین پامالیوں میں اضافے پر انتباہ

اتوار 1-اکتوبر-2017

فلسطین کے مرکزی پریس کلب نے خبردار کیا ہے کہ صہیونی فوج اور اسرائیل کے دیگر ریاستی ادارے دانستہ طور پر فلسطینی صحافیوں کے حقوق کی خلاف ورزیاں کررہے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایک بیان میں فلسطین پریس کلب کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی صحافیوں اورذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کے خلاف انتقامی کارروائیوں، ان کی گرفتاریوں، جیلوں میں دی جانے والی سزاؤں اور دیگر مکروہ حربوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اگر یہ اضافہ مزید اسی تناسب سے جاری رہا تو اس کے نتیجے میں فلسطین میں صحافیوں کے بنیادی حقوق مزید خطرات سے دوچار ہوجائیں گے۔

فلسطینی پریس کلب کی جانب سے قائم کردہ فریڈم کمیٹی کا کہنا ہے کہ ستمبر کے مہینے میں صہیونی فوج نے صحافیوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں۔ گذشتہ ماہ دسیوں صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا یا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کئی صحافیوں کو ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی سے روکا۔ صحافی جعفر اشتیہ کو بندوق کے زور پر حراست میں لیا جب کہ فلسطینی صحافی مصعب الخطیب کو ایک گیس کے گولے سے نشانہ بنایا گیا۔

اس کے علاوہ غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں مسجد ابراہیمی کے قریب فلسطینی  صحافیوں کے ایک گروپ کو اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے جمع تھے۔

مختصر لنک:

کاپی