سنہ 2016ء کے آخر میں امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں روس کی جانب سے مبینہ طور پرمداخلت کرنے اور ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانے میں معاونت کے ایک کیس میں امریکی کانگریس نے سوشل میڈیا ویب سائیٹس فیس بک، ٹوئٹر اور عالمی سرچ انجن گوگل سے گواہی طلب کی ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سینٹ اور ایوان نمائندگان دونوں کی انٹیلی جنس کمیٹیوں نے تیوں بڑی کمپنیوں کو گواہی کے لیے طلب کیا ہے۔ تینوں کمپنیوں کے نمائندے یکم نومبر کو کانگریس کے ایک اجلاس کے دوران پیش ہو کر اپنی گواہی ریکارڈ کرائیں گے۔
خیال رہے کہ امریکی کانگریس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا سنہ دو ہزار سولہ کے صدارتی انتخابات میں روس کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانے کے لیے مداخلت کی گئی تھی یا نہیں۔ چونکہ سابق صدر باراک اوباما اور کانگریس الزام عاید کرچکے ہیں کہ ٹرمپ کو صدر بنانے میں روس کا کردار ہے۔ اس حوالے سے گوگل، ٹوئٹر اور فیس بک کے پاس بھی اہم معلومات ہوسکتی ہیں۔
فیس بک نے گذشتہ ہفتے دباؤ کے تحت کانگریس کو ایسے پیغامات فراہم کرنے پرآمادی کا اظہار کیا تھا جو سیاسی نوعیت کے ہیں اور ان کی فنڈنگ روس کی جانب سے کی گئی تھی۔