اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے ایک بار پھر فلسطین میں صہیونی ریاست کے ناجائز اور غاصبانہ قبضے کے خاتمے کے لیے مسلح جدو جہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ الاقصیٰ کے 17 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے جاری کردہ خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم کی منزل قابض صہیونی ریاست کے غاصبانہ قبضے سے مکمل طور پر نجات کا حصول ہے، جب تک فلسطینی قوم کی آزادی کی منزل نہیں مل جاتی تب تک مسلح جہاد جاری رہے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انتفاضہ الاقصیٰ سنہ2000ء میں شروع ہوئی تھی، یہ تحریک آج بھی جاری ہے۔ فلسطینی قوم ایک غاصب ریاست کے خلاف مسلسل نبرد آزما ہے۔ فلسطینیوں کی جانب سے القدس، مسجد اقصیٰ اور فلسطینی مقدسات کے داع کے لیے قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ قابض صہیونی دشمن صرف طاقت کی زبان جانتا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی قوتیں دشمن کے خلاف ہرطرح کی مزاحمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
بیان میں کہا گیاہے کہ فلسطین نام نہاد امن مذاکرات کے ڈھونگ سے آزاد نہیں ہوگا۔ فلسطینی قوم کو دشمن سے آزادی چھین کرلینا ہوگی۔ حماس تحریک انتفاضہ اور تحریک آزادی کو منطقی انجام تک جاری رکھے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی شہری دشمن کی ننگی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرتے ہیں۔ فلسطینیوں کی جوابی مزاحمتی کارروائیاں دشمن کے مظالم کا فطری رد عمل ہے۔