فلسطینی حکومت نے چین میں فلسطینی مصنوعات کے فروغ کے لیے مصنوعات کو کسٹم ٹیکس فری قرار دینے کی کوششیں شروع کی ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزیر اقتصادیات عبیر عودہ نے گذشتہ روز رام اللہ میں جمہوریہ چین کے سفیر شن شینگ چونگ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فلسطینی وزیرہ نے چینی سفیر پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک میں فلسطینی مصنوعات کو کسٹم ٹیکس سے مستثنیٰ کرانے کی کوشش کریں۔
فلسطینی وزیرہ کا کہنا تھا کہ چین میں فلسطینی مصنوعات پر عاید کردہ کسٹم ڈیوٹی ختم ہونے سے دونوں ملکوں کے درمیان درآمدات اور برآمدات کے حجم میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق چین اور فلسطینی اتھارٹی دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے ساتھ ساتھ کسٹم فری سسٹم پر عمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ توقع ہے کہ آئندہ نومبر میں چین کی جانب سے فلسطینی مصنوعات پر کسٹم ٹیکس ختم کردیا جائے گا۔
چینی سفیر نے فلسطینی وزیرہ عبیر عودہ کو یقین دلایا کہ وہ اپنی حکومت سے فلسطینی مصنوعات کو کسٹم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کے لیے بات کریں گے۔