چهارشنبه 30/آوریل/2025

فریڈم فلوٹیلا اتحاد کا غزہ کی غیرقانونی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ

بدھ 27-ستمبر-2017

فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کے لیے سرگرم ’عالمی فریڈم فلوٹیلا الائنس‘ نے ایک بار پھر غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے امدادی اداروں پر مشتمل ’فریڈم فلوٹیلا الائنس‘ نے ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ کے عوام کی غیرقانونی ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے موثر کوششیں کرے۔ فلوٹیلا الائنس کی طرف سے غزہ کی پٹی کے ماہی گیروں کو مچھلیوں کے شکار کے لیے آلات اور مالی امداد فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا اتحاد عالمی اور فلسطینی تنظیموں کے ساتھ مل کر غزہ کی پٹی کے محصورین کی مدد کررہا ہے۔ اس ضمن میں غزہ کے ماہی گیروں کی امداد کے لیے ایک امدادی پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس میں  ماہی گیروں کے خاندانوں کو خوراک کی فراہمی اور ماہی گیری کے لیے آلات فراہم کرنا شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں غزہ کے دو سو ماہی گیروں میں مچھلیاں پکڑنے کی جالیاں، پیراکی کے لباس اور کشتیوں کے لیے لائٹس تقسیم کی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیاہے کہ فریڈم فلوٹیلا اتحاد کے بنیادی اہداف سیاسی ہیں مگر یہ تنظیم غزہ کی پٹی کے محصورین کی انسانی بنیادوں پر مدد کرتے ہوئے غزہ کےدو ملین سے زاید محصورین کو ناکہ بندی سے نجات دلانے اور ان کی ہرممکن مدد فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

مختصر لنک:

کاپی