امریکی شہر نیویارک میں اسرائیلی قونصل خانے کو ایک دھمکی آمیز مشکوک خط اور پیکٹ موصول ہوا ہے۔ امریکی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک ہفتے میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے قونصل خانے کے اطراف کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی تھی۔
عبرانی اخبار ’معاریو‘ کی رپورٹ کے مطابق مشکوک پیکٹ اور اس کے ساتھ دھمکی آمیز پیغام میں موجود مواد حقیقت معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس نے مشکوک مواد قبضے میں لے کر اس کی چھان بین شروع کر دی ہے۔
نیویارک میں اسرائیلی قونصلیٹ کو یہ مشکوک پیکٹ ایک ایسے وقت میں موصول ہوا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو امریکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔
خیال رہےکہ اسی نوعیت کا ایک مشکوک پیکٹ ایک ہفتہ قبل بھی نیویارک کے قونصل خانے کو موصول ہوا تھا جس میں نیتن یاھو کو سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی تھی۔