فلسطین کی سیاسی، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے مندوبین پرمشتمل وفد برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے چھ روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے، بیت المقدس اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے تعلق رکھنے والی نمائندہ فلسطینی شخصیات کا ایک وفد 11 سے 16 ستمبر کے دوران برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے دورے پر تھا۔ فلسطینی وفد کا یہ دورہ مطالعاتی نوعیت کا تھا جس میں انہوں نے برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ کے سیاحتی مقامات، تاریخی گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کا دورہ کیا۔
اس دوران فلسطینی وفد نے برطانیہ کی مقامی سماجی تنظیموں کے مندوبین، سیاسی اور سماجی رہ نماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ ان ملاقاتوں میں فلسطین کی موجودہ صورت حال کے بارے میں برطانوی اداروں اور شخصیات کو بریفنگ دی گئی۔ فلسطین کے علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیرو توسیع اور اس کے نتیجے میں خطے کے امن وامان پر مرتب ہونے والے منفی اثرات سے بھی آگاہ کیا۔
فلسطینی وفد نے برطانیہ کے دورے کے دوران ارکان پارلیمان، سیاسی جماعتوں کے رہ نما اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ شمالی آئرلینڈ کے دورے کے دوران فلسطینیوں نے وہاں کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کیں اور انہیں فلسطین کی موجودہ صورت حال کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔
اس دورے کے دوران فلسطینی ماہر قانون خالد زبارقہ نے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی نسل پرستی اور اس کے سنگین نتائج کے بارے میں آگاہ کیا۔