شنبه 03/می/2025

’مفاہمت کے لیے پہل کرکے حماس نے فلسطینی عوام کے دل جیت لیے‘

پیر 18-ستمبر-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی جانب سے غزہ کی پٹی میں قائم کی گئی عبوری انتظامی کمیٹی تحلیل کیے جانے پرعوامی اور سماجی حلقوں کی طرف سے ٰغیرمعمولی تحسین کی گئی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں انتظامی کمیٹی تحلیل کیے جانے کے فوری بعد مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر ’شکریہ حماس‘ ہیش ٹیگ ٹاپ پر ٹرینڈ کرنے لگا۔ سوشل میڈیا پر عوام الناس نے حماس کے اقدام کو قومی مصالحت کے لیے غیرمعمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے تمام فلسطینی تنظیموں بالخصوص تحریک فتح پر زور دیا ہے کہ وہ حماس کی مفاہمتی مساعی کا مثبت جواب دے۔

ٹوئٹر پرہزاروں شہریوں نے ’شکریہ حماس ہیش ٹیگ‘ کو پسند اور شیئر کیا ہے۔ کارکنوں نے حماس کی جانب سے غزہ کے عوام کی خدمت کرنے اور قومی مفاہمت کے لیے انتظامی کمیٹی سبکدوش ہونے کے اقدام کی غیرمعمولی تحسین کی ہے۔

ہزاروں ٹویٹس میں شہریوں کا کہنا ہے کہ حماس کی طرف سے قومی مفاہمت کے لیے پہل کیے جانے کے بعد اب مفاہمتی مساعی کو حتمی شکل دینے کی ذمہ داری تحریک فتح پر عاید ہوتی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ تحریک فتح اور صدر محمود عباس حماس کی اس پیشکش کا کس حد تک مثبت جواب دیتے ہیں اور قومی مصالحت کے لیے آگے آتے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز حماس نے غزہ کی پٹی میں اپنی زیرنگرانی قائم کردہ عبوری انتظامی کمیٹی تحلیل کرتے ہوئے رام اللہ میں قائم قومی حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ کو غزہ کی پٹی کے انتظامی امور سنھبالنے کی دعوت دی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی