فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں عراق بورین کے مقام پر اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کی ایک پرامن ریلی پر وحشیانہ تشدد کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق بورین میں سیکڑوں فلسطینیوں نے صہیونی ریاستی دہشت گردی، یہودی آباد کاری، یہودی غنڈہ گردی اور نسلی دیوار کی تعمیر جاری رکھنے کے خلاف جلوس نکالا۔ اسرائیلی فوج نے پرامن فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر وحشیانہ لاٹھی چارج کیا، ربڑ کے خول میں لپٹی دھاتی گولیاں برسائیں اور اشک آور گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہو گئے۔
مقامی ذریعے کاکہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ اور ربڑ کی گولیوں کی بوچھاڑ کے نتیجے میں جابر قادوس نامی شہری شدید زخمی ہوئے۔ القادوس کے بازو پر آنسوگیس کا شیل اور جسم کے دوسرے حصوں پر ربر کی کئی گولیاں لگی ہیں جس کے باعث اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ آنوگیس کی شیلنگ سے دسیوں فلسطینی دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔