جمعه 15/نوامبر/2024

مصری فوجیوں پر حملہ مجرمانہ دہشت گردی ہے: حماس

منگل 12-ستمبر-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے گذشتہ روز جزیرہ سیناء میں مصری فوجیوں پر شرپسندوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے وحشیانہ اور مجرمانہ کارروائی قرار دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جزیرہ نما سیناء میں ’بئر العبد‘ کے مقام پر دہشت گردوں کی طرف سے گھات لگا کر مصری فوجیوں پر حملہ کیا گیا۔ یہ حملہ بدترین دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائی ہے۔ اس حملے میں بے گناہ مصری فوجیوں کو قتل کیا گیا ہے۔ حماس اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مصری فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ مصری فوج پر حملہ کرنے والے عناصر برادر ملک مصر کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں میں ملوث ہے۔ تشدد، قتل وغارت گری اور خون خرابہ کرنے والے عناصر فلسطینی اور مصری دونوں اقوام کے دشمن ہیں۔

حماس نے گذشتہ روز جزیرہ سیناء میں دہشت گردوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے مصری فوجیوں کےاہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حماس مصر کو عدم تحفظ اور عدم استحکام سے دوچار کرنے والے عناصر کی مکروہ چالوں سے نجات کی خواہاں ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز مصر کے جزیرہ نما سیناء میں بئر العبد کے مقام پر ملٹری پولیس کی تین گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 18 اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے۔

مختصر لنک:

کاپی